واشنگٹن: عالمی رہنماں نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن اور فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ لبنان میں جنگ بندی سے اسرائیل کو حزب اللہ کے خطرے سے تحفظ حاصل ہو گا،بیان میں کہا گیا کہ اس جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے امریکا اور فرانس مل کر کام کریں گے ،عالمی برادری لبنان کی فوجی صلاحیت بڑھانے کے لیے کوشش کرے گی۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکی صدر کا جنگ بندی معاہدہ کرانیپر شکریہ ادا کیا۔نیتن یاہو کے دفتر کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے صدر بائیڈن سے فون پر گفتگو میں ان کی تعریف کی ۔
لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی نے کہا کہ جنگ بندی خطے میں استحکام کی بحالی کی جانب ایک بنیادی قدم ہے۔ایران نے جنگ بندی کے نفاذ سے لبنان میں اسرائیل کی جارحیت کے خاتمے کا خیرمقدم کیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بغائی نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کے خاتمے کی خبروں کا خیرمقدم کیا۔چین نے بھی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ فریقین کی معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کو سراہا۔جرمن وزیر خارجہ انالینا بیربک نے کہا کہ یہ معاہدہ پورے خطے کے لیے امید کی کرن ہے۔ برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے جنگ بندی کے معاہدے پر کہا کہ اس کا طویل عرصے سے انتظار تھا۔یورپی یونین کی سربراہ ارسلا وون ڈیر لیئن نے جنگ بندی کو بہت ہی خوش آئند خبرقرار دیا۔اقوام متحدہ کی لبنان کے لیے خصوصی نمائندہ جینین ہینز پلاشرٹ نے جنگ بندی کے معاہدے کو خوش آمدید کہتے ہوئے خبردار کیا کہ اس کے بعد بھی بہت زیادہ کام باقی ہے۔