حکومت بلوچستان خواتین کی سرپرستی کرے ،بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں تو بڑی تعداد میں خواتین اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہیں، سینیٹر محمد عبدالقادر

0

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف حصہ ہیں بلوچستان ملک کے دوسرے صوبوں کی نسبت کم ترقی یافتہ صوبہ ہے صوبے میں ہنر مند اور تعلیم یافتہ خواتین کی کمی نہیں اگر حکومت بلوچستان صوبے کی خواتین کی سرپرستی کرے اور انہیں بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں تو بڑی تعداد میں خواتین اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہیں بلوچستان کی خواتیں دستکاری میں اپنا ثانی نہیں رکھتیں اسکے علاوہ جدید تعلیم و تربیت کے زیور سے آراستہ بچیاں دستکاری سے بڑھ کر مختلف شعبہ جات میں آگے بڑھ رہی ہیں۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین کسی دوسرے صوبے کی خواتین سے صلاحیتوں کے اعتبار سے کم نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ان خواتین کو وہ تمام وسائل فراہم کرے جن کی مدد سے وہ صوبے کی ترقی و خوشحالی میں اپنا اہم کردار ادا کر سکیں اب بلوچستان کی خواتین انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، صحت اور کامرس کے شعبہ جات میں حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں خواتین کو تحفظ، اعتماد اور وسائل فراہم کرنا بلوچستان حکومت کی اولین ذمہ داری ہے تاکہ وہ صوبے کو جدید قالب میں ڈھالنے میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان قائم ہونے سے خواتین کے لئے مزید سازگار ماحول پیدا ہوگا صوبہ بلوچستان کی حکومت چین کی مدد اور تعاون سے صوبے کی تعلیم یافتہ اور ہنرمند خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کر سکتی ہے چین بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے سی پیک منصوبوں میں صوبے کے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے تاکہ ان کے اعتماد میں اضافہ ہو اور آنے والی نسلوں کو محفوظ اور باوقار فضا میں پلنے بڑھنے کا موقع ملے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.