شائقین کرکٹ کے لیے خوشخبری، آئی ایل ٹی 20 کے ٹکٹوں کی فروخت شروع

0


دبئی:ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) کے پانچویں سیزن کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی ہے، 34 میچوں پر مشتمل ٹورنامنٹ کا آغاز 21 نومبر سے ہوگا جبکہ فائنل 20 دسمبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کا مقابلہ ایم آئی ایمریٹس سے ہوگا۔ یہ مقابلہ گزشتہ سیزن کے فائنل کا اعادہ ہوگا اور دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے تمام میچز دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں منعقد ہوں گے، جن میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔دبئی اور شارجہ میں قائم فزیکل باکس آفسز سے ٹکٹوں کی فروخت 14 نومبر سے شروع ہوگی۔منتظمین نے شائقین کرکٹ اور خاندانوں کی سہولت کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں مناسب رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم، ابوظہبی کے زاید کرکٹ اسٹیڈیم اور شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں بچوں کے ٹکٹ کی قیمت 10 درہم سے شروع ہوگی۔ یہ سہولت فائنل سمیت ٹورنامنٹ کے تمام میچوں کے لیے دستیاب ہوگی۔پانچ سے 16 سال کی عمر کے بچے رعایتی ٹکٹ حاصل کر سکیں گے، جبکہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو کسی بالغ فرد کے ہمراہ ٹکٹ کے بغیر داخلے کی اجازت ہوگی۔ لیگ اور پلے آف میچوں کے لیے بالغ افراد کے ٹکٹ 20 درہم جبکہ فائنل کے ٹکٹ 30 درہم سے شروع ہوں گے۔دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں فیملیز کے لیے سکسز لاؤنج فیملی پاس بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کی قیمت 500 درہم مقرر کی گئی ہے۔ اس پیکیج میں دو بالغ افراد اور دو بچوں کے لیے لیگ یا پلے آف میچ دیکھنے کی سہولت شامل ہے، جبکہ شائقین کو سکسز لاؤنج کے پریمیم ہاسپیٹیلٹی ایریا اور ویونگ پلیٹ فارم تک رسائی بھی حاصل ہوگی۔ فائنل کے لیے فیملی پاس کی قیمت 650 درہم ہوگی۔پریمیم سہولیات سے استفادہ کرنے والے شائقین کے لیے ہاسپیٹیلٹی ٹکٹ بھی دستیاب ہوں گے۔ دبئی کے سکسز لاؤنج اور شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کے ڈائمنڈ پویلین میں بچوں کے ہاسپیٹیلٹی ٹکٹ 125 درہم جبکہ بالغ افراد کے ٹکٹ 180 درہم سے شروع ہوں گے۔ اس کے علاوہ اسکائی باکسز اور وی آئی پی سوئٹس کے لیے انفرادی نشستوں، نجی باکسز اور پانچ ہوم میچوں پر مشتمل سیزن پیکیجز کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔سیزن 5 میں کئی نامور بین الاقوامی کرکٹرز ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کی ٹیم میں معین علی، فن ایلن اور عثمان طارق شامل ہیں، جبکہ ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی بابر اعظم، شمرون ہیٹمائر اور نسیم شاہ کریں گے۔دبئی کیپیٹلز میں فاف ڈو پلیسی، مارکس اسٹوئنس اور مستفیض الرحمٰن شامل ہوں گے، جبکہ گلف جائنٹس کی ٹیم میں ہینرک کلاسن، لیام لیونگ اسٹون اور ڈیوڈ ملر ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ ایم آئی ایمریٹس کی جانب سے راشد خان، نکولس پورن اور فضل الحق فاروقی کھیلیں گے، جبکہ شارجہ واریئرز کی ٹیم میں محمد نبی، سکندر رضا اور عادل رشید شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کا لیگ مرحلہ 14 دسمبر تک جاری رہے گا۔ پلے آف مرحلے میں پہلا کوالیفائر 16 دسمبر کو ابوظہبی، ایلیمینیٹر 17 دسمبر کو دبئی اور دوسرا کوالیفائر 18 دسمبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا فائنل 20 دسمبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.